584800a09b028

جنید جمشید کی چوتھی برسی آج منائی جا رہی ہے

ویب ڈیسک(کراچی)جنید جمشید کی پیدائش 3 ستمبر 1964 کو کراچی میں ہوئی تھی ، والد کا تعلق پاکستان ائیرفورس سے ہونے کے باعث آپ کے والد نے ابتدائی طور پر کوشش کی کہ آپ کو اسی شعبے سے وابستہ رکھا جائے۔

یونیورسٹی دور میں میوزک سے لگا ہونے کے بعد دوستوں کے ساتھ مل کر ایک بینڈ تشکیل دیا، جس نے 1983 میں پشاور اور پھر اسلام آباد یونیورسٹی میں اپنی فن کا مظاہرہ کیا، بعد ازاں اس چھوٹے سے بینڈ وائٹل سائنس نے دنیا بھر میں نام روشن کیا اور دل دل پاکستان جیسے مشہور قومی نغموں کو تخلیق کیا۔


جنید جمشید پاکستان کے مایہ ناز گلوکار تھے جنید جمشید نے اپنی زندگی کا بھرپورعروج دیکھا اور کیرئیر کی بلندی پر پہنچے ہی تھے کہ اللہ نے انہیں دین کی راہ دکھادی تاہم 2000 کے عشرے میں جنید جمشید نے گلوکاری کو خیرباد کہہ دیا اور مذہب کی تبلیغ اور حمد و نعت سے وابستہ ہوگئے تھے۔

جس کے بعد دین کی سربلندی کا علم اٹھایا تو کسی مشکل کی پرواہ نہ کی۔تبلیغی جماعت سے وابستگی کے بعد جنید جمشید دین کی عالمی محنت کے لیے دیس دیس گئے اور اسی دوران انہوں نے حمد و ثنا و نعت خوانی کا آغاز بھی کیا۔

7 دسمبر دوہزار سولہ کو جنید جمشید قومی ائیرلائن پی کے 661 کی پرواز کے ذریعے چترال سے واپس آرہے تھے کہ حویلیاں کے مقام پر طیارے کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں معروف مبلغ سمیت طیارے میں سوار تمام 47 مسافر شہید ہوگئے تھے، جہاز پھٹنے کی وجہ سے لاشوں کی شناخت کا عمل ڈین این اے کے ذریعے کیا گیا تھا۔بدقسمت طیارے میں سوارجنید جمشید کا یہ سفر کا ان کا آخری سفر ثابت ہوا جس کے بعد ان کی آواز ہمیشہ کے لیے خاموش ہوگئی تاہم ان کا اندازآج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔