Bilawal Asif

ہم معاشی، سیاسی اور معاشرتی دلدلوں میں دھنستے جا رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک (اسلام آباد) پاکستان پیپلز پارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ ہر ادارہ اپنے آئینی دائرہ کار اور مینڈیٹ کے مطابق کام کرے۔

یوم پاکستان کی مناسبت سےاپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ انصاف اوربرابری کی بنیاد پرکھڑا ایک جمہوری معاشرہ ہی وہ بنیادی اصول تھے، جن پر یہ ملک قائم کیا گیا لیکن ہم معاشی، سیاسی اور معاشرتی دلدلوں میں دھنستے جا رہے ہیں، اس سے واضح ہوتا ہے کہ ہم نے قائداعظم اور ان کے رفقاء کی عظیم تعلیمات کو بُھلا دیا ہے، قائداعظم کی زیر قیادت تحریکِ آزادی کو بھی سیاسی انجنیئرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا جاتا تھا، لیکن اس دور کے کٹھ پتلیاں نچانے والوں کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان مساوات پر کھڑا ایک ملک اور اسلامی ممالک کے لیے رول ماڈل صرف ایک ہی صورت میں بن سکتا ہے اور وہ یہ ہے کہ پاکستان اس حقیقی نظریے پر عمل پیرا ہو، جس کی بنیاد پر یہ ملک معرضِ وجود میں آیا تھا، آگے بڑھنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ آئین کی بالادستی و حقیقی جمہوریت ہو، ہر ادارہ اپنے آئینی دائرہ کار و مینڈیٹ کے مطابق کام کرے۔

مزید پڑھیں:  بنوں، عمران خان کی رہائی اور انتخابی مینڈیٹ چوری کیخلاف پی ٹی آئی کا احتجاج

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پہلے دن سے جبر کا نشانہ بنایا گیا، قائدین و کارکنان شہید اور جھوٹے مقدمات میں قید و بند مسلط کی گئیں، ان تمام ناانصافیوں و ظلم کے باوجود پیپلز پارٹی نظریئہ پاکستان کی حقیقی علمبردار ہے اور قائداعظم کے وژن کی وارث ہے، پیپلز پارٹی اپنے ملک کے بانی اجداد کے خوابوں و وژن کو شرمندہ تعبیر دینے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ضد ،جھوٹی انا، بغض، نفرت کی سوچ نے ملک اور قوم کو نقصان پہنچایا ہے ، عوام کی مرضی کے بغیر ان پر حکومت مسلط کرنے کا نقصان ملک کو ہوا ہے، آج ہمیں قائد اعظم کے فلسفے پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ، سماجی اور معاشی انصاف ریاست کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے، 1973 کے آئین پرعمل کرنے سے ریاست مضبوط ہوگی، آئین کی 18 ویں آئینی ترمیم وفاق اور صوبوں کے درمیان اعتماد کی ضمانت ہے،مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کے لئے وفاق کی تمام اکائیوں سے انصاف کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں:  حق نہ دیا گیا تو اسلام آباد پرقبضہ کرلیں گے،علی امین گنڈاپور

آصف زرداری نے مزید کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نےہمیں وطن پرستی کا نظریہ دیا ، پاکستان کا جوہری پروگرام شہید بھٹو کی یاد دلاتا رہے گا ، پاکستان کی میزائل ٹیکنالوجی بے نظیر بھٹو شہید کی یاد دلاتی ہے۔