بشریٰ انصاری انصاف کریں

انصاف کریں ورنہ ریاست مدینہ کا نام نہ لیں

ویب ڈیسک: معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے سیالکوٹ واقعے اور نور مقدم کیس سمیت دیگر واقعات پر وزیراعظم سے کہا ہے کہ انصاف کیجیے ورنہ ریاست مدینہ کا نام نہ لیں۔

اپنے ایک پیغام میں بشریٰ انصاری نے کہا کہ پریانتھا کمارا کے ساتھ جو کچھ کیا گیا اس پرہم سب بہت شرمندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں 10 سے 12 سال پہلے بھی 2 بھائیوں کو قتل کیا گیا تھا۔ ان کی نعشیں گھسیٹنے والوں میں ایک 11 سال کا بچہ بھی تھا، آج وہ بچہ ایک ہجوم کی شکل اختیار کرگیا ہے، بشریٰ انصاری نے کہا کہ آپ کوئی بھی بہانہ کریں لیکن انہیں لوگوں کو قتل کرنے کا حق حاصل ہوگیا ہے کیونکہ انہیں ان کے جرم کی سزا نہیں ملتی۔ موٹر وے پر زیادتی کے مجرم گرفتار کرلئے گئے، وہ اس وقت جیل میں ہیں اور آرام سے کھاتے پیتے ہیں، جب تک ہم انہیں بھرے مجمع میں وہ سزائیں نہیں دیں گے جن سے ان کی روح تک کانپ جائے تب تک یہ سب نہیں رکے گا۔

مزید پڑھیں:  اداکارہ جویریہ عباسی نے دوسری کا اشارہ دے دیا

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ ایسا کب ہوگا جب ہم نور مقدم کو انصاف ملتا ہوا دیکھیں گے، سب کو سمجھ آرہی ہے کہ تمام ثبوتوں کے باوجود اس درندے کا تحفظ کیوں کیا جارہا ہے، لوگوں کو سنگسار کیا جائے، کچھ عرصے میں اسے پاگل قرار دے کر چھوٹی موٹی سزا کے بعد چھوڑ دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان سے درخواست کرتی ہوں کہ بس انصاف کریں، ریاست مدینہ کا نام لینے سے ہی کام نہیں چلے گا، کچھ کرکے دکھانا ہوگا، ورنہ ریاست مدینہ کانام نہ لیں، انصاف کیجیے صرف انصاف کا نام نہ لیجیے، آپ وہ تبدیلی دکھا دیجیے جس کا ہم سے وعدہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں:  خوبرو اداکارہ یمنی زیدی اپنی خوبصورتی کی معترف