محمود خان کی سیکیورٹی 343 پولیس

وزیراعلی محمود خان کی سیکیورٹی کیلئے 343 پولیس اہلکار تعینات

محکمہ داخلہ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختون خوا محمود خان کی سیکیورٹی کے لئے 343 پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ محکمہ داخلہ خیبرپختون خوا نے صوبے کی اعلی شخصیات کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کی تفصیلات اسمبلی میں پیش کردی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں اہم شخصیات کی صرف سیکیورٹی پر سالانہ ایک ارب 30 کروڑ روپے خرچ ہورہے ہیں۔محکمہ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلی خیبرپختون خوا محمود خان کی سیکیورٹی کے لئے 343 پولیس اہلکار تعینات ہیں، اور ان کی سیکیورٹی پر ماہانہ ایک کروڑ 20 لاکھ پر خرچ ہوتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گورنر کے پی شاہ فرمان کی سیکیورٹی پر 76 اہلکار تعینات ہیں اور ان کے ماہانہ اخراجات 26 لاکھ 60 ہزار روپے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبائی وزراء کی سیکیورٹی پر 364 اہلکار تعینات ہیں، اور ان کی سیکیورٹی پر ماہانہ ایک کروڑ 27 لاکھ 40 ہزار روپے خرچ ہورہے ہیں، صوبے میں ججز کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی تعداد 1 ہزار 194 ہے، اور ان ججز کی سیکیورٹی پر ماہانہ 4 کروڑ 17 لاکھ 90 ہزار روپے خرچ ہورہے ہیں۔ اس کے علاوہ حاضر سروس پولیس افسران کے کی سیکیورٹی کے فرائض 523 اہلکار سرانجام دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور، بشام واقعہ کے بعد این سی پی گاڑیوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ