فٹبالرز کیخلاف توہین آمیز پوسٹس

سوشل میڈیا پر فٹبالرز کیخلاف توہین آمیز پوسٹس، فیفا نے بڑا فیصلہ کرلیا

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے فٹبال پلیئرز کی یونین فیف پرو(Fifpro) کے ساتھ اشتراک کیا ہے جس کے بعد دونوں مل کر ان لوگوں کیخلاف کارروائی کرینگے جو فٹبال کھلاڑیوں کیخلاف سوشل میڈیا پر توہین آمیز پوسٹ کرتے ہیں

، ایک رپورٹ کے مطابق یورو 2020 کے سیمی فائنل اور فائنل اور رواں سال افریقہ کپ آف نیشن کے دوران تقریباً چار لاکھ ایسی پوسٹیں سامنے آئی ہیں جن میں کھلاڑیوں کے ساتھ توہین آمیز رویہ اپنایا گیا ہے، رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پچاس فیصد سے زائد کھلاڑی ان توہین آمیز پوسٹس کا شکار ہو چکے ہیں

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وہ سیاہ فام کھلاڑی جن سے میچ کے دوران پینلٹی کک ضائع ہو جائے انہیں سوشل میڈیا پر سخت توہین کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، ایک برطانوی چینل کی رپورٹ کے مطابق یورو کپ 2020 کے فائنل میں انگلینڈ کے کھلاڑی مارکس رشفورڈ اور بکائیو ساکا جن سے اٹلی کیخلاف پینلٹی ککس ضائع ہوئی تھیں کو اب تک سب سے زیادہ توہین آمیز پوسٹس کا سامنا کرنا پڑا ہے ، اس حوالے سے فیفا کے صدر جیانی انفٹینو کا کہنا ہے کہ یہ ہماری ڈیوٹی ہے کہ آپ فٹبال اور ان سے جڑے سٹار کھلاڑیوں کا تحفظ کریں ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی میدان کے اندر دل و جان سے بہترین کھیل پیش کرکے شائقین کو تفریح مہیا کرتے ہیں ان کے ساتھ اس طرح کا رویہ کسی طرح بھی قابل قبول نہیں ہے۔