قومی ہیروراشد منہاس کا آج 51واں یوم شہادت

ویب ڈیسک: قومی ہیرو راشد منہاس کا 51 واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔ راشد منہاس کی اس عظیم قربانی اور ناقابل فراموش شجاعت کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں ملک کا سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدر عطا کیا۔
پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید 17فروری 1951کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے14 مارچ 1971 کو پاک فضائیہ کے 51ویں جی ڈی پی کورس میں کمیشن حاصل کیا۔ بعدازاں انہیں آپریشنل کنورژن کورس کیلیے ماڑی پور میں واقع نمبر 2 اسکواڈرن میں تعینات کیا گیا ۔20 اگست 1971 کے دن راشد منہاس کی قربانی سے ایک ناقابل فراموش داستان رقم ہوئی۔ اس دن راشد نے اپنے انسٹرکٹر پائلٹ فلائیٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جس نے انکے T-33 تربیتی طیارے کو ہائی جیک کر کے بھارت لے جانے کی کوشش کی۔ راشد نے جہاز کا کنٹرول واپس لینے کی بھرپور جدوجہد کی اور قبل ازیں کہ جہاز ملکی سرحد عبور کر جاتا اسے زمین بوس کرنے کو ترجیح دی۔ مٹی کے اس بہادر سپوت نےاپنی جان مادر وطن پر قربان کر دی لیکن ملکی وقار پر آنچ تک نہیں آنے دی۔ راشد منہاس کی اس عظیم قربانی اور ناقابل فراموش شجاعت کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں ملک کا سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدر عطا کیا۔ راشد منہاس شہید ہماری آنے والی نوجوان نسل کیلیے مشعل راہ ہیں اور انکو شجاعت و قربانی کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  غزہ جنگ بندی تک ترکیہ کے اسرائیل سے تمام تجارتی تعلقات منقطع