صحافی قتل

2022ء میں 5پاکستانی صحافیوں سمیت 67صحافی دنیا بھر میں قتل

ویب ڈیسک :انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2022میں 5 پاکستانی صحافیوں سمیت67 صحافی اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران قتل کر د یے گئے۔ آئی ایف جے نے صحافیوں کی حفاظت اور آزادیوں کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ دہرایا ہے کیونکہ رواں برس 2022کے دوران قتل یا گرفتار کیے گئے صحافیوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔آئی ایف جے نے کہا کہ گزشتہ برس 47 صحافیوں کی جانیں لے لی گئی تھیں۔
آئی ایف جے کی فہرست کے مطابق 2022میں دوران ملازمت جانیں گنوانے والے والے پاکستانی صحافیوں میں حسنین شاہ، ضیا الرحمٰن فاروقی، افتخار احمد، محمد یونس اور صدف نعیم شامل ہیں۔آئی ایف جے نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے صحافیوں کی حفاظت اور آزادی کے آئی ایف جے کنونشن پر فوری ووٹنگ ناگزیر ہو گئی ہے۔آئی ایف جے کی فہرست یہ ظاہر کرتی ہے کہ 2022 کے دوران چین سے لے کر بیلاروس تک اور مصر سے ہانگ کانگ، ایران، میانمار، ترکی اور روس تک میڈیا کو خاموش کرنے اور احتجاج کو کچلنے کی کوشش میں سیاسی جبر نے اپنا بدصورت سر اٹھایا۔
آئی ایف جے کی گرفتار صحافیوں کی فہرست کے مطابق کم از کم 375 صحافی اور میڈیا ورکرز اس وقت جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔چین اور اس کا اتحادی ہانگ کانگ سرفہرست ہے جہاں 84 صحافی جیلوں میں بند ہیں، اس کے بعد میانمار (64)، ترکی (51)، ایران (34)، بیلاروس (33)، مصر (23)، روس اور کریمیا (29)، سعودی عرب (11)، یمن (10)، شام (9) اور بھارت میں (7) صحافی مقید ہیں۔مشرق وسطیٰ اور عرب دنیا میں صحافیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی جو کہ گزشتہ برس 3 تھی، ان میں الجزیرہ کی تجربہ کار صحافی شیرین ابو عاقلہ بھی شامل ہیں۔چاڈ اور صومالیہ میں 4 صحافی مارے گئے، امریکا میں 29، ایشیا پیسیفک میں 16، یورپ میں 13 اور مشرق وسطیٰ اور عرب ممالک میں 5 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

مزید پڑھیں:  کوہاٹ، باپ بیٹے پر فائرنگ، تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل