انتخابات نئی مردم شماری

انتخابات نئی مردم شماری کی بنیاد پر کروانے کی منظوری

ویب ڈیسک : وفاقی حکومت نے آئندہ عام انتخاب ساتویں مردم شماری کے نتائج کی بنیاد پر کرانے کی منظوری دے دی ہے جس کیلئے ادارہ شماریات کو اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ادارہ شماریات ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے رواں برس جنوری میں ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے پر عمل درآمد کی منظوری دیتے ہوئے ادارہ شماریات کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈیجیٹل مردم شماری کیلئے اقدامات شروع کرے۔
ادارہ شماریات کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت آئندہ عام انتخابات ڈیجیٹل مردم شماری کی بنیاد پر کرائے گی جس کے بعد نئی مردم شماری کے نتائج پر حلقہ بندیاں ہوںگی اور اسی پر 2023کے انتخابات کرائے جائیںگے۔ ادارہ شماریات کے مطابق افرادی قوت کی تربیت شروع کردی گئی ہے جو ڈیٹا اکٹھا کریںگے اور تین درجوں تحصیل سطح، ڈویژن اور صوبائی سطح پر ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا اس تمام عمل کی نگرانی صوبائی کمشنرز کریںگے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں الیکشن کمیشن نے 2017کی مردم شماری پر حلقہ بندیاں مکمل کرلی ہیں تاہم نئی مردم شماری کے بعد انہیں دوبارہ سے حلقہ بندیاں کرنا ہوں گی جبکہ نئی مردم شماری پہلے ہی 6ماہ سے زائد تاخیر کا شکار ہے ۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی کارکن کامران خان گمشدگی کیس:پشاور ہائیکورٹ نے جواب طلب کرلیا