ٹائیفائیڈبخار کے دوٹیسٹ بند

ٹائیفائیڈبخار کے دوٹیسٹ بند،لیبارٹریوں پر نظر رکھنے کی ہدایت

ویب ڈیسک :قومی ادارہ برائے صحت(این آئی ایچ)نے ملک بھر میں صحت کی سہولیات اور لیبارٹریز کو ہدایت کی ہے کہ غلط نتائج کے امکان کی وجہ سے ٹائیفائیڈ کے دو بنیادی ٹیسٹ وائڈل اور ٹائفیڈوٹ بند کرکے صرف بلڈ کلچر ٹیسٹ پر ہی قائم رہیں۔ میڈیامیں سامنے آنے والی ایک رپورٹ کے مطابق این آئی ایچ نے ملک بھر میں لیبارٹریز کو ہدایت جاری کی ہے کہ غلط مثبت نتائج کے باعث ٹائیفائیڈ کی تشخیص کے لیے صرف بلڈ کلچر ٹیسٹ کا استعمال کیا جائے۔وائڈل اور ٹائفیڈوٹ ٹیسٹ کو اس لیے ترجیح دی جاتی ہے کیونکہ زیادہ تر لیبارٹریز کے پاس بلڈ ٹیسٹ کلچر کی سہولیات میسر نہیں ہوتیں۔طبی ماہر کے مطابق وائڈل اور ٹائفیڈوٹ ٹیسٹ ملک میں بڑے پیمانے پر ڈرگ ریزسٹنٹ (ایکس ڈی آر) ٹائیفائیڈ بخار کے پھیلائو کی وجہ بن رہے ہیں جس پر زیادہ تر اینٹی بائیوٹک ادویات کا اثر نہیں ہوتا۔چاروں صوبوں کے محکمہ صحت کو ارسال کیے گئے خط کے ذریعے سرجن جنرل آف پاکستان آرمی اور وفاقی محکمہ صحت اور متعلقہ حکام سے درخواست کی گئی ہے کہ ایسی لیبارٹریز پر نظر رکھی جائے جو وائڈل اور ٹائفیڈوٹ ٹیسٹ کا استعمال کرتی ہیں۔ٹائفیڈوٹ ٹیسٹ کی قیمت صرف 150 روپے ہے مگر لیبارٹریز میں ایک ہزار روپے وصول کیے جاتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  کرن جوہر کے نئے پراجیکٹ میں کھرانا اور سارہ جلو گر ہونگے