فیئربریک انویٹیشنل کرکٹ ٹورنامنٹ، واریئرز اور فالکنز کی ٹیمیں فائنل میں

ہانک کانگ میں جاری خواتین کے ٹی 20 انویٹیشنل کرکٹ ٹورنامنٹ میں واریئرز وومن اور فالکنز وومن کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ پہلا سیمی فائنل واریئرز اور سپرٹ وومن کے درمیان کھیلا گیا۔ سپرٹ وومن کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 17.4 اوورز میں 73 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ناتھاکان چنتھم 26 اور صوفیا ڈنکلے 16 رنز بنا سکیں باقی کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر تک نہ پہنچ سکی۔ جیس کیر نے 3، کیتھرین برائس اور ایمانڈا جیڈ ویلنگٹن نے 2,2 جبکہ شمیلیا کونیل اور ہائیلے میتھیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں واریئرز کی ٹیم نے 13.1 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنا کر میچ 4 وکٹوں سے جیت لیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں فالکنز وومن نے بارمی آرمی کو 6 وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں جگہ پکی کر لی۔ بارمی آرمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ پاکستان کی فاطمہ ثناء 45 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ ڈینڈارا ڈوٹن نے 42 رنز بنائے۔ مریزانے کیپ اور مریکو ہل نے 3,3 جبکہ سورنارین ٹیپوچ اور چماری اتاپتو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں چماری اتاپتو کی شاندار بلے بازی کے ذریعے فالکنز نے 18.1 اوورز میں ہی ہدف پورا کر کے میچ جیت لیا۔ چماری اتاپتو نے 5 چھکوں اور 8 چوکوںکی مدد سے 50 گیندوں پر 78 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔ فالکنز اور واریئرز کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل آج کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  چمپئنز ٹرافی، آئِی سی سی چیف کیوریٹر نے پاکستانی پچز کا معائںہ کیا