بابر ۔ رضوان اوپننگ جوڑی کے طور پر دسویں سنچری سے صرف 1 رن سے محروم

کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی صورت میں قومی ٹیم کی اوپننگ جوڑی اس وقت دنیا کی سب سے بہترین اور نمبر ون اوپننگ جوڑی ہے جس نے سب سے زیادہ 9 مرتبہ سو یا سو سے زیادہ کی اوپننگ پارٹنر شپ بنانے کا ریکارڈ بنایا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اوپننگ پارٹنرشپ میں ٹیم کو 99 رنز کا اسٹینڈ دیا لیکن اوپننگ پیئر کی حیثیت سے دسویں سنچری کا موقع گنوا دیا۔ 32 گیندوں پر محمد رضوان 50 رنز بنا چکے تھے جب گیارہویں اوور میں ایک بہت ہی غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے محمد رضوان آؤٹ ہو گئے اور دونوں پہلی وکٹ کی شراکت میں دسویں سنچری بنانے سے محروم رہ گئے۔ بابر اعظم اور محمد رضوان کی جوڑی اب تک 52 اننگز میں 11 مرتبہ 50 یا اس سے زیادہ رنز کی شراکت بنا چکی ہے جبکہ دونوں نے 9 مرتبہ سو یا سو سے زیادہ رنز کا اوپننگ اسٹینڈ بنایا ہے۔ ٹی 20 فارمیٹ میں 203 رنز کی سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ کا عالمی ریکارڈ بھی بابر اعظم اور محمد رضوان کے پاس ہے۔ اس لسٹ میں انڈیا کے کپتان روہت شرما اور کے ایل راہول دوسرے نمبر پر ہیں۔ اس جوڑی نے 42 اننگز میں 5 مرتبہ 100 یا اس سے زیادہ اور 10 مرتبہ 50 یا اس سے زیادہ کی پارٹنرشپ بنائی ہے۔ ان کا سب سے زیادہ اوپننگ پارٹنرشپ کا ریکارڈ 165 رنز ہے۔

مزید پڑھیں:  ٹی20ورلڈکپ جیتنے پر قومی کھلاڑیوں کیلئے بڑے انعام کا اعلان