ویمنز ایف اے کپ، چیلسی نے فائنل میں جگہ بنا لی

ویمنز ایف اے کپ کے سیمی فائنل میں چیلسی نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایسٹن ویلا کو ایک گول سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ بیسکوٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں چیلسی کا ٹاکرا ایسٹن ویلا سے ہوا۔ پہلی مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی ایسٹن ویلا کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور دفاعی چیمپیئن چیلسی کو کئی مواقع پر نہایت سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا۔ چیلسی کی جانب سے اسٹرائیکر سیم کیر نے 59 ویب منٹ میں شاندار ہیڈڈ گول کر کے ٹیم کو برتری دلوائی۔ اس سے پہلے ایسٹن ویلا نے کئی یقینی گول کے مواقع ضائع کئے۔ کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا تاہم اہم اور فیصلہ کن مواقع پر معمولی سے غلطیوں کے باعث گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔ چیلسی کی اسٹرائیکر سیم کیر رواں سیزن کا 24 واں گول سکور کر کے ٹاپ سکورر بن گئی۔ ایما ہائیس کی کوچنگ میں چیلسی نے پچھلے پانچ میں سے 3 ایف اے کپ ٹائٹلز جیتے ہیں اور اب 14 مئی کو ہونے والے ویمنز ایف اے کپ کے فائنل میں چیلسی کا مقابلہ مانچیسٹر یونائیٹڈ سے ہوگا جس نے گزشتہ روز برینگٹن کے خلاف کامیابی حاصل کر کے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔

مزید پڑھیں:  پی ایس ایل 10:پلے آف میچزکیلئے بیرون ملک وینیوز کی تجویز