بین المدارس گیمز

بین المدارس گیمز، ضلع مہمند کے کھلاڑیوں نے میلہ لوٹ لیا

پشاور(ویب ڈیسک)پشاور میں جاری انٹر مدارس گیمز اختتام پذیر ہوگئے، ضلع مہمند کے کھلاڑیوں نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے والی بال اور قرات مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے میلہ لوٹ لیا، سیکرٹری سپورٹس کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، ان کے ہمراہ ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع پیر عبداللہ شاہ اور دیگر موجود تھے۔
ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس ضم اضلاع کے زیر اہتمام طہماس خان فٹبال سٹیڈیم پر منعقدہ فٹ بال فائنل میں ضلع خیبر نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سب ڈویژن کوہاٹ کو 6-5 سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کی، قرات مقابلوں میں ضلع مہمند کے قاری محمد احسان نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
پی ایس بی جمنازیم ہال میں منعقدہ والی بال فائنل میں ضلع مہمند نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سب ڈویژن پشاور کو تین دو سے شکست دیدی۔
رسہ کشی فائنل میں باجوڑ نے نارتھ وزیر ستان کو تین صفر سے ہراکر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
اسلامیہ کالج گراؤنڈ پر منعقدہ کرکٹ فائنل میں سب ڈویژن پشاور نے باجوڑ کو 8 وکٹوں سے ہرایا باجوڑ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 72 رنز بنائے، جواب میں پشاور نے دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کیا۔
انٹر مدارس اختتامی تقریب کے موقع پر سیکرٹری سپورٹس کپٹن(ر) مشتاق احمدنے کہا کہ ان گیمز کا مقصد مدارس کے طلباء کو کھیلوں کی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے کیونکہ کھیل کود ذہنی اور جسمانی نشونما کے لئے بے حد ضروری ہے۔

مزید پڑھیں:  ٹی20ورلڈکپ جیتنے پر قومی کھلاڑیوں کیلئے بڑے انعام کا اعلان