سزایافتہ ملزموں کا علاج

ایل آر ایچ کا سزایافتہ ملزموں کا علاج کرنے سے انکار، عدالت برہم

ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ نے فوجی عدالتوں سے سزایافتہ ملزموں کو صحت سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال ایسے قیدیوں کو علاج معالجے کی سہولیات دے۔ جسٹس شکیل احمد اور جسٹس شاہد خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے ملٹری کورٹ سے سزایافتہ ملزموں کو صحت سہولیات کی فراہمی کے لئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت ایل آر ایچ ہسپتال کے حکام بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل شبیر حسین گگیانی نے عدالت کو بتایا کہ ملٹری کورٹ سے سزایافتہ ملزموں کو صحت سہولیات میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ان سزایافتہ ملزموں کو ڈاکٹر نے سرجری اور دیگر علاج تجویز کئے ہیں تاہم جب وہ علاج کے لئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال سے رابطہ کرتے ہیں تو ہسپتال انتظامیہ ان کو علاج فراہم کرنے سے انکار کرتی ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ یہ موقف اپناتی ہے کہ ہم ملزموں کو سیکیورٹی فراہم نہیں کر سکتے، اس لئے علاج نہیں کر سکتے۔ فاضل بنچ نے ملزموں کو علاج فراہم نہ کرنے پر ایل آر ایچ انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا اور انہیں حکم دیا کہ وہ ملٹری کورٹ سے سزایافتہ ملزموں کو صحت سہولیات فراہم کرے اور جتنے بھی ملزم بیمار ہیں ان کو علاج معالجے کی سہولت دی جائے۔

مزید پڑھیں:  نوشہرہ، اسلحہ ہاتھ میں پکڑے ٹک ٹاک بنانے والا نوجوان گرفتار