پاکستان اور ترکیہ

پاکستان اور ترکیہ سٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کا ملجم کلاس کورویٹ منصوبہ دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی عمدہ مثال ہے، پاکستان اور ترکیہ سٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے
ویب ڈیسک: پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز پی این ایس طارق کی لانچنگ کراچی شپ یارڈ پر ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، ترکیہ کے نائب صدر سیودت یلماز سمیت اعلیٰ عسکری قیادت شریک ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے تعاون سے تیار جنگی بحری جہاز پی این ایس طارق کا افتتاح کر دیا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات تاریخی اور مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں اور دونوں ممالک گہرے، قریبی، تاریخی اور مذہبی رشتے میں منسلک ہیں۔ قیام پاکستان کے وقت پاکستان کے عوام نے تحریک خلافت کی بھرپور حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پی این ایس طارق کی لانچنگ پر تمام متعلقہ افراد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان اور ترکیہ ملجم کلاس کارویٹ منصوبہ دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی عمدہ مثال ہے۔ یہ منصوبہ بھی دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا، پاکستان اور ترکیہ سٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کراچی پورٹ اور گوادر پورٹ کو آپس میں ملانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سی پیک اس سلسلہ میں انتہائی اہمیت ہے جس کے دوسرے مرحلے میں ہم داخل ہو رہے ہیں۔ جس کے تحت گرین کوریڈور، بزنس کوریڈور، اکنامک زون کوریڈور اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کوریڈور زون بنائے جائیں گے۔ ہم صدر طیب اردوان سے بھی اس پر بات کرچکے ہیں اور اس دعوت کی تجوید کرتے ہیں کہ ترکی بھی مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے اس منصوبے میں شامل ہو۔ گوادر کو ہم نے ایک اہم تجارتی مرکز بنانا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں اپنی بالا دستی قائم رکھنے والوں کی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے پاک بحریہ کی صلاحیت کو مزید بڑھایا جائے گا۔ حکومت پاک بحریہ کی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لئے تمام اقدامات کرے گی۔
وزیراعظم نے ملجم کلاس کارویٹ کی تیاری میں حصہ لینے والے کارکنوں اور ماہرین کے لئے 20 کروڑ روپے کا اعلان کیا اور کہا کہ ہمیں پچھلے ایک سال میں شدید مالی چیلنجوں کا سامنا رہا ہے اور اس کا سب سے زیادہ بوجھ ملک کے عوام پر پڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی کساد بازاری، تیل کی درآمد، مہنگائی اور اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اس کا بنیادی سبب ہے لیکن اس منصوبے میں حصہ لینے والے کارکنوں اور ماہرین کی کاوش کو تسلیم کرتے ہوئے اور ان کا حوصلہ بڑھانے کے لئے مالی مشکلات کے باوجود ان کے لئے 20 کروڑ روپے کا تحفہ لایا ہوں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے کہا کہ پاکستان اور ترکی نے ہر مشکل میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور ترکی کے عوام پاکستان کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔
جودت یلماز نے باجوڑ میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ ہر قسم کی دہشت گردی کا مخالف ہے کیونکہ یہ عالمی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے اور ہم دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  آزادی صحافت عالمی مسائل اجاگر کرنے کیلئے ناگزیر ہے، صدر، وزیراعظم