پاکستان کی تاریخ

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار عدالتی کارروائی کی براہ راست نشریات نشر

سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر بل سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار عدالتی کارروائی براہ راست ٹی وی پر نشر کی گئی۔
ویب ڈیسک: سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ اجلاس میں پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیس کی سماعت براہ راست دکھانے پر اتفاق کیا گیا۔
پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سپریم کورٹ کی کارروائی براہ راست دکھائے جانےکیلئے عدالت عظمیٰ کے روم نمبر ون میں 5 کیمرے لگائے گئے، پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیس کی سماعت سرکاری ٹی وی پر براہ راست دکھائی گئی۔
اجلاس سے قبل چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پہلے دن فل کورٹ میٹنگ کا 4 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا۔
زیرِ التواء مقدمات اور ترجیحی بنیادوں پر سماعت کے لیے مقدمات کا انتخاب ایجنڈے میں شامل تھے۔
عوامی مفاد کے مقدمات کی کارروائی ٹیلی کاسٹ کرنے کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل کیا گیا، مقدمات کی مؤثر سماعت کے لیے رہنما اصول مرتب کرنے پر مشاورت بھی ایجنڈے میں شامل تھیں۔

مزید پڑھیں:  لاہور میں نوبیاہتا دلہن کی فلیٹ سے پھندا لگی لاش برآمد