آئی ایم ایف

وزیراعظم ایم ڈی آئی ایم ایف ملاقات، ٹیکس میں غریب کو تحفظ دینے پر اتفاق

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔
ویب ڈیسک: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور ایم ڈی آئی ایم ایف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں معاشی تعاون اور استحکام کیلئے کوششوں پر بات چیت کی گئی، دونوں رہنماؤں نے اقتصادی ترقی اور استحکام کیلئے اقدامات کا اعادہ بھی کیا ہے۔
آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے معیشت کی بحالی کے لیے پالیسیوں اور اصلاحات کے نفاذ میں پاکستان کی ٹھوس کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان کے ساتھ تعلقات کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ ملاقات میں ہم نے ٹیکس وصولی کو ترجیح دینے اور پاکستان میں بہت کمزور افراد کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے مضبوط پالیسیوں کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس جمع کرنے میں کمزوروں کا تحفظ کیا جائے اور امیروں سے ٹیکس لیے جائیں۔
انوار الحق کاکڑ نے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے ملاقات میں پاکستان میں انسداد پولیو مہم پر بات چیت کی، دونوں رہنماؤں نے بچوں کی نشونما اور صنفی برابری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
اس دوران گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پولیووائرس کی روک تھام کیلئے پر عزم ہے، بل گیٹس نے کہا کہ پاکستان سے پولیو وائرس کا مکمل طور پر خاتمہ ہماری پہلی ترجیح ہے۔

مزید پڑھیں:  غزہ جنگ بندی تک ترکیہ کے اسرائیل سے تمام تجارتی تعلقات منقطع