غزہ کے ہسپتال پر حملے کیخلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے

ویب ڈیسک: غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی حملے کے بعد دنیا بھر کے مختلف ممالک میں غم و غصہ پایا جانے لگا ہے اور اسرائیل اور اس کے حامی ممالک کے سفارت خانوں کے باہر مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ ادرن، ایران، بیروت اور دیگر ممالک میں اسرائیلی بربریت کیخلاف سخت احتجاج کیا جا رہا ہے۔
اردن کے دارالحکومت عمان میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر ہزاروں لوگوں نے احتجاج کیا اور اس دوران مظاہرین نے سفارتخانے میں گھسنے کی کوشش کی جنہیں منتشر کرنے کیلئے پولیس کو طلب کیا گیا ، اس دوران پولیس فورس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔
ایرانی دارالحکومت تہران میں بھی سینکڑوں مظاہرین نے فرانسیسی سفارت خانے کے باہر مظاہرہ کیا جبکہ ترکیہ میں مظاہرین نے نیٹو کے فوجی اڈے میں گھسنے کی کوشش کی اور اسرائیلی اقدام پر شدید ردعمل دیتے ہوئے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔
بیروت میں مظاہرین کی بڑی تعداد نے امریکی سفارت خانے کا رخ کیا اور سفارت خانے کے باہر آگ لگا دی جبکہ مظاہرین نے بیروت میں اقوام متحدہ کی عمارت میں بھی توڑ پھوڑ کر کے اپنے غصے کا اظہار کیا۔ تیونس، مصر اور فرانس میں بھی اسرائیلی بربریت کیخلاف مظاہرے کیے گئے۔
یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کے ہسپتال پر حملہ کیا گیا ہے جس میں سینکڑوں افراد شہید جبکہ اتنے ہی زخمی ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  گندم سکینڈل پر انوار الحق کاکڑ اور حنیف عباسی میں تکرار