اسرائیلی بمباری سے مزید 400 فلسطینی شہید، تعداد 5 ہزار سے متجاوز

ویب ڈیسک: اسرائیلی بمباری سے مزید 400 فلسطینی شہید ہو گئے جس کے ساتھ فلسطین کے مجموعی شہداء کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ یاد رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کی غزہ پر بمباری کے نتیجے میں مزید 400 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
فلسطینی وزارت داخلہ کے مطابق اسرائیل کی فضائی افواج نے غزہ کے 320 مقامات کو نشانہ بنایا، رفاہ شہر پر حملے میں 18 فلسطینی شہید ہوئے اور متعدد زخمی ہیں، قابض فوج کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹے میں کیے گئے حملوں میں 400 فلسطینی جام شہادت نوش کر گئے۔
ذرائع کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل غزہ میں پناہ گزین کیمپ، ہسپتال، مسجد اور گھر سب کچھ مسمار کرنے میں مصروف ہے۔
حملوں میں اقوام متحدہ کے 13 اہلکار بھی مارے گئے ہیں، مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپے جاری ہیں جہاں سے ڈاکٹر سمیت 7 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا، اسرائیل نے شمالی غزہ میں ہسپتالوں کو خالی کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ہسپتال خالی نہ کئے تو بمباری کریں گے۔
اسرائیل کی وزارت دفاع نے اپنی فورسز کی جنگی مشقوں کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے ساتھ جنگی مشقیں کی جا رہی ہیں، غزہ میں زمینی آپریشن کی بھر پور تیاری ہے۔

مزید پڑھیں:  قائمہ کمیٹیوں کی صدارت عددی اکثریت پر دینے کا فیصلہ