پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوینٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست

ویب ڈیسک: نیوزی لینڈ کے شہر ڈونیڈن کے یونیورسٹی اوول سٹیڈیم میں ہونے والے سیریز کے پہلے ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو ہرا کر تاریخ رقم کر دی۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے میزبان ٹیم کو 7وکٹوں سے شکست دی۔
میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستانی باولر فاطمہ ثنا نے 18 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیتے ہوئے صرف 127 رنز تک محدود کر دیا۔
پاکستانی اننگز شروع ہوئی تو شوال ذوالفقار نے 42 گیندوں پر 41 رنز بنا کر پاکستان کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ یہ شوال ذوالفقار کا کسی بھی ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچ میں سب سے زیادہ سکور ہے۔
ندا ڈار بیٹنگ کے لئے آئیں اور شوال کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت داری میں 51 رنز بنائے۔
ان دونوں تجربہ کار کھلاڑیوں کے آوٹ ہونے کے بعد بسمہ معروف اور عالیہ ریاض نے دس گیندوں قبل ہی پاکستان کی جیت کے سفر کو یقینی بنایا۔
عالیہ ریاض 12 گیندوں پر 25 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں، جبکہ بسمہ معروف نے 18 گیندوں پر 13 رنز بنائے اور ناقابل شکست پویلین لوٹ گئیں۔
واضح رہے تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ کل منگل کو اسی گراونڈ پر کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  اذلان شاہ ہاکی کپ: پاکستان نے جنوبی کوریا کو ہراکر دوسری فتح حاصل کرلی