اسرائیل امریکہ تعلقات

غزہ جنگ کے باعث اسرائیل امریکہ تعلقات خطرے میں پڑ گئے

نیتن یاہو کو اپنے رویے میں نرمی لانا ہوگی، امریکی حکام بھی غزہ میں جنگ بندی اور تنازع کے دو ریاستی حل پر زور دینے لگے ہیں، جوبائیڈن
ویب ڈیسک: غزہ میں جاری جنگ کے باعث اسرائیل امریکہ تعلقات خطرے میں پڑ گئے۔ اس مسئلے پر امریکی صدر جوبائِیڈن نے کھل کر اسرائیلی موقف کی مخالفت کی۔
ذرائع کے مطابق امریکی صدر کا کہنا ہے کہ غزہ پر بمباری اور 18 ہزار سے زائد شرح اموات کی وجہ سے اسرائیل عالمی سطح پر حمایت کھونے لگا ہے۔ بائیڈن نے خبردار کیا کہ اسرائیل غزہ پر مسلسل وحشیانہ بمباری اور حمایتیوں کی سپورٹ نظر انداز کر رہا ہے .
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اسی رویے کے باعث عالمی برادری میں اپنی سپورٹ کھونے لگا ہے۔ واشنگٹن میں منعقدہ فنڈ ریزنگ تقریب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو کو اپنی سخت گیر رویے میں تبدیلی لانا ہوگی ورنہ ان کی میں نہ مانوں کی رٹ دونوں جانب اختلاف کے بیج بو سکتا ہے۔
امریکی صدر نے اعتراف کیا کہ غزہ میں جاری جنگ کے باعث اسرائیل امریکہ تعلقات متاثر ہو رہے ہیں، نیتن یاہو کی انتہائی دائیں بازو کی حکومت فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالفت کرتی ہے لیکن دوسری جانب پوری دنیا فلسطینیوں کی نسل کشی کی شدید مخالفت کر رہی ہے اور اب تو فلسطینیوں کے حق میں امریکی ایوانوں میں بھی احتجاج ہونے لگا ہے۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ آج اسرائیل اس نہج پر پہنچ چکا ہے کہ اسے دو مختلف سمت سے آتے مسائل گھیر رہے ہیں، نیتن یاہو کی موجودہ حکومت اسرائیلی تاریخ کی سب سے قدامت پسند حکومت ہے جو قطعی اس مسئلے کا دو ریاستی حل نہیں چاہتی۔
یاد رہے کہ جوبائیڈن کے حالیہ تبصرے ایک ایسے وقت میں سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں کہ عالمی سطح پر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے، خود امریکی حکام بھی غزہ میں جنگ بندی اور تنازع کے دو ریاستی حل پر زور دینے لگے ہیں۔

مزید پڑھیں:  عمان، بارشوں کے پیش نظر سکول بند، سیلاب الرٹ جاری