پوما کا اسرائیلی فٹ بال ٹیم کی سپانسرشپ ختم کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: غزہ میں جاری جنگ کے باعث اسرائیل کو بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، امریکہ سے تعلقات متاثر ہونے کے علاوہ جرمنی میں قائم کھیلوں کا سامان بنانے والی کمپنی پوما کی جانب سے بھی بری خبر سامنے آ رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ‏پوما کی جانب سے اسرائیلی فٹ بال ٹیم کی سپانسرشپ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یاد رہے کہ یہ معاہدہ ایک سال قبل کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق جرمنی میں قائم سپورٹس ویئر کمپنی پوما نے اسرائیلی فٹ بال ایسوسی ایشن کے ساتھ معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا، اس لیے اگلے سال پوما کی جانب سے اسرائیلی تیم کو کٹس فراہم نہیں کی جائینگی۔
ذرائع کے مطابق پوما ترجمان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ اس اقدام کی منصوبہ بندی گزشتہ سال سے کی گئی اس کا تعلق غزہ جنگ سے نہیں ہے۔
پوما ترجمان نے یہ بھی کہا کہ سربیا اور اسرائیل سمیت متعدد فیڈریشنوں کے ساتھ کمپنی کے معاہدے 2024ء میں ختم ہونے والے تھے جن کی تجدید نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پوما نے اسرائیلی فٹ بال ٹیم سے معاہدہ ختم کرنے کی اصل وجہ غزہ جنگ کو قرار نہیں دیا لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی بائیکاٹ مہم کے پیش نظر ہی کمپنی نے یہ فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے عام رائے یہ پائی جا رہی ہے کہ اگر عالمی سطح پر اسرائیل کے خلاف بائیکاٹ مہم چلائی جا رہی ہے تو ایسے میں جرمن سپورٹس ویئر کمپنی پوما کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:  گندم بحران کے ذمہ داران پنجاب اور وفاق میں اعلی عہدوں پر فائز ہیں