سمگلنگ ناکام، پشاور پولیس نے منشیات کی بھاری کھیپ برآمد کرلی

ویب ڈیسک: کیپٹل سٹی پولیس پشاور کی جانب سے ضلع بھر میں منشیات کی روک تھام کیلئے سمگلروں اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون کا سلسلہ مزید تیز کردیا گیا۔ پشاور پولیس کی اہم کارروائی کے دوران منشیات کی بھاری کھیپ برآمد کر لی گئی۔
ذرائع کے مطابق تھانہ گلبرگ کی حدود میں لگژری گاڑی سے کروڑوں روپے مالیت کی 622 کلوگرام منشیات، 3 عدد پستول اور 2 عدد موبائل فونز برآمد کر لئے گئے۔
واضح رہے کہ برآمد ہونے والے منشیات میں 469 کلوگرام چرس، 152 کلوگرام افیون اور ایک کلوگرام سے زائد ہیروئن شامل ہیں جبکہ گاڑی بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لی۔
پولیس کی جانب سے ابتدائی تحقیقات کے مطابق منشیات سے بھری گاڑی ٹیپمر شدہ ہے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جھانسہ دینے کیلئے گاڑی کا رنگ تبدیل کرنے کیلئے سیاہ رنگ کا سٹکر لگایا گیا تھا۔
منظم نیٹ ورک کا سراغ لگانے کیلئے ایس پی کینٹ ڈویژن وقاص رفیق کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
پولیس ٹیم اطراف اور مختلف مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کے حصول سمیت گاڑی سے برآمد شدہ موبائل کا ڈیٹا بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ کاروائی سے متعلق مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ پشاور پولیس نے منشیات کی بھاری کھیپ برآمد کر کے گاڑی تحویل میں لے لی، اس موقع پر اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  لاہور میں نوبیاہتا دلہن کی فلیٹ سے پھندا لگی لاش برآمد