پاک فوج

انتخابات:پاک فوج کا الیکشن کمیشن کو تعاون فراہم کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک :آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس نے ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں دو روزہ 261 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں میں اسمگلنگ، منی لانڈرنگ، بجلی چوری ،غیر قانونی معاشی سرگرمیوں ، ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیوں کا جامع جائزہ لیا گیا۔
فورم میں مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے مسلسل جبر اور انسانی حقوق کی قابل مذمت خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
کور کمانڈر اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر طرح کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
کور کمانڈرز کانفرنس کو موجودہ جیو اسٹریٹجک ماحول، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرے کے تناظر حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی اور اس کے دیگر دہشت گردوں کو پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہیں اور کارروائی کی آزادی اور دہشت گردوں کے لیے جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کی سلامتی کو متاثر کرنے والے تشویشناک نکات کے طور پر نوٹ کیا گیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں سے پوری طاقت سے نمٹا جائے گا۔
آئی ایس پی آ کے مطابق فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازع کے پرامن حل کے مطالبہ کے حکومتی موقف کا اعادہ کیا۔
علاوہ ازیں فورم کو فارمیشنوں کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے علمی اور جسمانی شعبوں میں آپریشنل فضیلت کو مسلسل برقرار رکھنے اور حوصلہ افزائی اور تربیت کے اعلیٰ معیارات کے حصول کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید پڑھیں:  کرپٹ افسران کے گرد گھیرا تنگ، ایف بی آر کے 12 افسران فارغ