عارف علوی

دعا ہے نیا سال پوری دنیا میں خوشحالی لائے: عارف علوی

ویب ڈیسک: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سال نو 2024ءکے آغاز پر پاکستانی قوم‘ امت مسلمہ اور عالمی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرتا ہوں کہ آنے والا نیا سال پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کیلئے خوشحالی‘ سیاسی اور معاشی استحکام لائے ۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نئے سال کے آغاز پر ہمیں فلسطین میں اپنے ان بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہئے، فلسطینی عوام اسرائیلی افواج کے وحشیانہ حملوں کا مسلسل سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں غیر قانونی طور پر بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے بارے میں بھی فکر مند ہوں، کشمیری عوام قابض بھارتی افواج کے مظالم اور طویل ترین محاصرے کا سامنا کر رہے ہیں۔
عارف علوی نے مزید کہا کہ عالمی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے عالمی برادری دیرینہ تنازعات کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے، میں امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کاوشوں اور امت کے اندر اتحاد و اتفاق کی دعا بھی کرتا ہوں۔
صدر مملکت نے کہا کہ میں پاکستان میں معاشی ترقی، بین المذاہب ہم آہنگی، درگزر، رواداری اور باہمی احترام کیلئے بھی دعا گو ہوں، اللہ کرے کہ سال 2024ءنہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لئے مثبت تبدیلیوں کا سال ہو، سال نو کا استقبال اس امید اور عزم کے ساتھ کریں کہ ایسی دنیا بنائیں گے جہاں تنازعات اور جنگیں نہ ہوں۔

مزید پڑھیں:  پارٹی متحرک کرنے کیلئے نواز شریف کا رانا ثنا اللہ سے رابطہ