مولانا فضل الرحمن

مولانا فضل الرحمن کے قافلے پر حملہ:سربراہ جمعیت محفوظ رہے

ویب ڈیسک :جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے قافلے پر ڈیرہ اسماعیل خان میں حملہ ‘سربراہ جے یو آئی محفوظ رہے ۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان الیکشن مہم کے سلسلے میں ڈیرہ اسماعیل خان سے گزر رہے تھے کہ یارک انٹرچینج کے قریب قافلے پر دونوں اطراف سے فائرنگ کی گئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ میں مولانا فضل الرحمان اور عملے کے افراد محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق مولانا فضل الرحمان محفوظ ہیں، یارک انٹرچینج ٹول پلازہ پر فائرنگ ہوئی، مولانا فضل الرحمان کی گاڑی پیٹرول بھروانے کے لیے رکی تھی، فائرنگ مولانا فضل الرحمان پر نہیں ہوئی‘واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں ۔
دوسری جانب ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے قافلے کے قریب فائرنگ بزدلانہ کارروائی ہے، بارہا متنبہ کرچکے ہیں کہ ہماری قیادت کے لیے حالات سازگار نہیں، انتظامیہ آئے روز تھریٹس کے حوالے سے لیٹر لکھتی ہے لیکن عملاً کوئی اقدام نہیں کیا جاتا۔
ترجمان نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری تحقیقات کرائی جائے، ادارے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہے ۔

مزید پڑھیں:  لنڈی کوتل، افغانستان سے پاکستان منشیات سمگلنگ ناکام بنا دی گئی