بیرسٹر گوہر

کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کیخلاف سپریم کورٹ جائینگے‘بیرسٹر گوہر

ویب ڈیسک :پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے ۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمارے 90 فیصد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے ہیں ‘بعض امیدواروں کے کاغذات تکنیکی بنیادوں پر مسترد کیے گئے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ ملک بھر سے پی ٹی آئی کے 380 کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ‘صنم جاوید کے کاغذات پر اعتراض کرنے والے کو پتا ہی نہیں تھا کہ ان کا اعتراض ہے کیا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا وہ کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف ٹریبونلز میں اپیلوں کے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ سے بھی رجوع کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسران کو غیر جانبدار رہنے کا حکم دینا سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے، امید ہے عدلیہ اس معاملے میں مداخلت کرے گی جبکہ انتخابات میں ہر صورت حصہ لیں گے۔
عام انتخابات کے انعقاد کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر بیرسٹر گوہر علی خان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ملک بھر میں انتخابی عمل اور طریقہ کار کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں اور ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے دور رکھنے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں:  درگئی: رکشہ اور موٹر سائیکل کے تصادم میں نوجوان جاں بحق