آرمی چیف

پاکستان کےخلاف ہرخطرے کو ناکام بنانے کیلئے تیار ہیں،آرمی چیف

ویب ڈیسک: پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ہر خطرے کو ناکام بنانے کے لیے مکمل طورپر تیار ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مشق ’البیزا تھری 2024‘ کے دوران مختلف ایئر ڈیفنس ویپن سسٹمز کی فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔
سربراہ پاک فوج نے نے آرمی ایئر ڈیفنس سسٹم کے مربوط فائر اور جنگی مشقیں دیکھیں، جن میں ہائی ٹو میڈیم ایئر ڈیفنس ویپن سسٹم، لو ٹو میڈیم ایئر ڈیفنس سسٹم شارٹ رینج ایئر ڈیفنس سسٹم (SHORADs) اور توسیعی مختصر رینج ایئر ڈیفنس سسٹم شامل ہیں۔
مشق کے دوران پاکستان کی فضائی سرحدوں کے دفاع کو بڑھانے کے لیے ایک تاریخی کامیابی اور سنگ میل کے طور پر، ہائی میڈ سسٹم پہلی بار فائر کرنے کے لیے دوسرے ہتھیاروں کے نظام کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سونمیانی میں فوجی افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی خطرے کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں، مسلح افواج جدید ویپن سسٹم کو اپنانا رہی ہیں، اپنی دفاعی ضروریات اور درپیش خطرات کی پیش نظر بہتری لا رہے ہیں۔
کور کمانڈر کراچی، کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس، انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن اور انسپکٹر جنرل آرمز نے بھی مشق کا مشاہدہ کیا۔
قبل ازیں آرمی چیف نے آرمی ایئر ڈیفنس سینٹر کا دورہ کیا‘آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مسلح افواج کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا۔
آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل محمد ظفر اقبال، HI (M) کو آرمی ائیر ڈیفنس کور کا کرنل کمانڈنٹ تعینات کردیا۔

مزید پڑھیں:  فیض آباددھرنافیصلےپرعمل کرلیاجاتاتو 9مئی کا واقعہ نہ ہوتا، چیف جسٹس