الیکشن کے التواءسے متعلق تیسری قرارداد سینیٹ میں جمع

ویب ڈیسک: ملک بھر میں ہونیوالے عام انتخابات8 فروری کو ہونے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن الیکشن کے التواءسے متعلق تیسری قرار داد سینیٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق شیڈول الیکشن ملتوی کرانے کے لیے ایک اور قرارداد سینیٹر ہلال الرحمان نے سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی ہے۔
ایک طرف ملک بھر میں 8 فروری کو عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ دوسری طرف الیکشن کے التواءکیلئے قرارداد سینیٹ میں جمع کرائی جا رہی ہیں۔
الیکشن ملتوی کرنے کی قرارداد سینیٹر ہلال الرحمان نے جمع کرائی جو فاٹا سے آزاد سینیٹر ہیں۔ سینیٹر ہلال الرحمان کی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ شدید سردی اور برف باری خیبرپختونخوا میں شہریوں کو ساز گاز ماحول میں ووٹ ڈالنے سے روک رہی ہے۔ امیدواروں کو الیکشن مہم چلانے میں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی قرارداد میں سینیٹر ہلال الرحمان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی خدشات کے باعث امیدواروں کو دہشتگردوں کے حملوں کا بھی خدشہ ہے، صوبے کے ووٹرز اور امیدواروں میں احساس محرومی ہے۔
سینیٹر ہلال الرحمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں الیکشن تاریخ غیر موزوں ثابت ہو رہی ہے لہذا عام انتخابات کو 8 فروری کے بجائے موزوں تاریخ تک ملتوی کیا جائے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل الیکشن کے التوا سے متعلق سینیٹ میں جمع کرائی گئی قرارداد کو منظور کیا گیا جس کے جواب میں جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد کی جانب سے بھی الیکشن مقررہ وقت پر کرانے کی قرارداد بھی سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرائی تھی تاہم دو روز قبل سینیٹ سیکرٹریٹ میں الیکشن ملتوی کرانے کے لیے دوسری قرارداد بھی جمع کرائی گئی تھی۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کامزدوروں کامعاوضہ دگنا کرنے کا اعلان