خواتین کی ترقی کے لئے بھر پور اقدامات اٹھائیں گے، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک :پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی صرف عوام کی طرف دیکھتی ہے، ہمارے علاوہ ساری سیاسی جماعتیں خلائی مخلوق کی طرف دیکھ رہی ہیں۔
کوٹ ادو میں انتخابی جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ ہماری مدمقابل جماعت 4 بار وزارت عظمیٰ سنبھال چکی ہے اس لیے عوام تیر پر مہر لگا کر ان کا راستہ روکیں، پیپلزپارٹی کی حکومت بنے گی تو اشرافیہ کے بجائے عام آدمی کے مسائل حل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دیگر سیاستدان خلائی مخلوق سے امید رکھ کر بیٹھے ہیں، مجھے سکھایا گیا ہےکہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، اس وقت ملک اور عوام مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں، دہشتگردی کا خطرہ ایک بار پھر نظر آ رہا ہے، پاکستان کو معاشی بحران سے محنت اور خلوص نیت سے نکال سکتے ہیں۔
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ ہم سب مل کر پاکستان کے تمام مسائل کا حل نکال سکتے ہیں۔ پیپلزپارٹی وہ جماعت ہے جو حکومت میں آکر عام آدمی کی نمائندگی کرتی ہے جبکہ دیگر جماعتیں اشرافیہ کو فائدہ پہنچاتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم حکومت میں آکر 300 یونٹ تک فری بجلی دینے کے علاوہ 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے جن کے مالکانہ حقوق خواتین کے پاس ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ برسراقتدار آکر خواتین کی ترقی کے لئے بھر پور اقدامات اٹھائیں گے تاکہ وہ کاروبار شروع کر سکیں۔ اس کے علاوہ کسان اور مزدور کارڈ دیں گے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے سکھایا گیا ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، ہم بہت مشکل مرحلے سے گزر رہےہیں، ملک میں تاریخی معاشی بحران ہے، ملک میں ایک بار پھر دہشت گردی کاخطرہ نظر آرہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عام انتخابات کے لیے میں نے 10 نکاتی عوامی معاشی معاہدہ پیش کیا ہے، ہم 10 نکات کی مدد سے معاشی مشکلات سے نکل سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  عدالتی معاملات میں مداخلت قابل قبول نہیں ،چیف جسٹس