بلاول

ملک کو 90 کی دہائی کی سیاست سے بچانا ہوگا‘بلاول

ویب ڈیسک : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے تحریک انصاف کے نوجوان الیکشن میں ضرور ووٹ ڈالیںآپ کی طرح پی پی نے بھی ن لیگ کے ظلم برداشت کیے ہیں‘ ملک کو 90 کی دہائی کی سیاست سے بچانا ہوگا۔
بلاول بھٹو نے لاہور میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسہ عام سے خطاب میں مسلم لیگ ن کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آخر کب تک پنجاب پر کبھی شوباز تو کبھی وسیم اکرم پلس کو مسلط کرکے لاہور کو سزا دی جاتی رہے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو لاہور میں کم تعداد میں ہونے کا طعنہ دینے والے بھول گئے کہ لاہور میں کارکنوں نے شہید ذوالفقار بھٹو کی شہادت پر خود سوزیاں کیں، بی بی پاکستان آئیں تو لاہور نے شاندار استقبال کیا اور انہیں وزیراعظم بنوایا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ 10 نکاتی ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے اقتدار میں آتے ہی 17 وزارتیں اور اشرافیہ کو سبسڈی دینا بند اور اس سے ہونے والی بچت کو عوام پر خرچ کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مجھے وزیراعظم بنوایا تو آپ کی تنخواہیں پانچ سال میں ڈبل کردیں گے۔ سولر پینل کے ذریعے 300 یونٹس تک بجلی مفت کردیں گے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ مسلم لیگ ن پوری طاقت اور دہشت کے ساتھ تحریک انصاف کے کارکنان سے انتقام لے رہی ہے‘ ہم نے ہمیشہ انتقامی سیاست کی مخالفت اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کی بات کی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ تحریک انصاف کے نوجوان الیکشن میں ضرور ووٹ ڈالیںآپ کی طرح پی پی نے بھی ن لیگ کے ظلم برداشت کیے ہیں‘ ملک کو 90 کی دہائی کی سیاست سے بچانا ہوگا۔

مزید پڑھیں:  پشاور، چوری گاڑی کے استعمال کے الزام پر ڈی ایس پی سی ٹی ڈی معطل