پشاور، ٹائم سنٹر پلازہ میں آتشزدگی سے دراڑیں پڑگئیں، عمارت ناقابل استعمال

ویب ڈیسک: پشاور صدر میں واقع ٹائم سنٹر پلازہ میں آتشزدگی کے باعث دراڑیں پڑگئیں جبکہ امدادی کارروائیاں دوسرے روز بھی جاری رہیں۔
آگ سے متاثرہ پلازے کے اندر دوسرے روز بھی کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں تھی ۔یاد رہے کہ ٹائم سنٹر پلازہ میں آتشزدگی سے تقریبا 200دکانیں اور کیبنز جل گئے جن میں لاکھوں روپے کے علاوہ کروڑوں مالیت کے موبائل فونز، یوپی ایس، بیٹریاں ودیگر موبائل آلات بھی جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے ۔
ریسکیو کے مطابق ٹائم سنٹر پلازہ میں آتشزدگی کے دوسرے روز بھی آگ سے متاثرہ پلازے میں دھواں ختم کرنے کیلئے کولنگ کا سلسلہ جاری رہا اور دیگر امدادی سرگرمیاں بھی جاری رہیں جبکہ اگلے مرحلے میں ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیاجائے گا۔
اس دوران متعلقہ ایریا کو سیل کیا گیا تھا اور کسی کو بھی عمارت کے اندر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ آتشزدگی کی وجہ سے عمارت میں جگہ جگہ دراڑیں پڑگئی اورچھتیں بھی جل گئی ہیں جبکہ ماہرین کیجانب سے معائنہ کیاجائے گاکہ آیا یہ عمارت اب قابل استعمال ہے یا نہیں۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم نے گندم درآمد کرنے کا نوٹس لے لیا