چارسدہ، عوام کھوکھلے اور فریبی نعروں پر کان نہ دھریں، آفتاب شیرپاؤ

ویب ڈیسک: قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب شیرپاؤ نے شبقدر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کھوکھلے اور فریبی نعروں پر کان نہ دھریں۔
انہوں نے کہا کہ عوام بڑھتی مہنگائی کے ساتھ ساتھ گیس اور بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہیں۔ عوام مخلص و ایماندار امیدواروں کا انتخاب کریں جو سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہوں۔
سربراہ کیو ڈبلیو پی کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھانے والے کو 2018ء کے انتخابات میں کی گئی بڑے پیمانے پر دھاندلی یاد کرنی چاہیے، جس میں ایک مخصوص سیاسی جماعت کے حق میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی۔
افتاب شیر پاؤ نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی غلطیوں کی وجہ سے اپنے انتخابی نشان بلے سے محروم ہو گئی ہے، آزاد امیدواروں کی مدد سے اگلی حکومت بنانے کی سوچ رکھنا آزاد امیدواروں کی توہین کے مترادف ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ بڑی سیاسی جماعتوں نے خیبرپختونخوا کو درپیش مسائل کیلئے آواز اٹھانے کی زحمت تک گوارا نہیں کی۔

مزید پڑھیں:  اقوام متحدہ: غزہ اور خان یونس میں اجتماعی قبروں کی تحقیقات کا مطالبہ