بارشوں اور برفباری، آزاد کشمیر کے متاثرین کیلئے امداد کا اعلان

ویب ڈیسک: نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ مظفر آباد میں آزاد جموں و کشمیر کے متآثرین کیلئے امداد کا اعلان کر دیا۔
دورہ کے دوران آزاد جموں و کشمیر میں شدید بارشوں اور برفباری کے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قدرتی آفت میں شہید اور زخمیوں سے اظہار تعزیت اور افسوس کرنے آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک متاثرین گھروں میں آباد نہیں ہو جاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، متاثرین کی معاونت حکومت کی ذمہ داری ہے۔
نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں کو 20، 20 لاکھ جبکہ زخمیوں کو 5 ،5 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جن کے مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے ان کو 7 لاکھ جبکہ جن گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ان کو ساڑھے 3 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ 13 مارچ کو نقصانات کی تمام رقوم سروے کے بعد گھروں میں پہنچا دی جائیں گی۔ اس کے علاوہ زخمی ہونے والوں کو بھی اسی روز رقوم پہنچ جائیں گی۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر میں شدید بارشوں اور برفباری کے متاثرین سے ملاقات کی اور امدادی چیک تقسیم کئے۔

مزید پڑھیں:  آئِی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹرافی پاکستان پہنچ گئی