7 3

تھوک کے استعمال پر عبوری پابندی سے بالرز روبوٹ بن جائیں گے: وسیم اکرم

ویب ڈیسک :قومی ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم فاسٹ بالر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ کرکٹ میں تھوک کے استعمال پر عبوری پابندی سے بالرز روبوٹ بن جائیں گے۔واضح رہے کہ بالرز گیند کو چمکانے کے لیے تھوک اور پسینے کا استعمال کرتے ہیں جس سے انہیں گیند کو ہوا میں سوئنگ کرنے میں مدد ملتی ہے۔لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کورونا وائرس کے سبب کھیل میں کچھ تبدیلیاں متعارف کراتے ہوئے تھوک کے استعمال پر پابندی لگا دی ہے البتہ کھلاڑیوں کو پسینے کے استعمال کی اجازت ہو گی۔قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اس تبدیلی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پابندی سے بالرز روبوٹ بن جائیں گے کیونکہ وہ آکر بغیر سوئنگ کے بالنگ کرائیں گے اور انہیں گیند کے قدرتی طور پر پرانے ہونے کے لیے صبر کے ساتھ انتظار کرنا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے بھی یہ بڑی مشکل صورتحال ہے کیونکہ میں بھی تھوک سے گیند چمکاتے اور سوئنگ کرتے ہوئے بڑا ہوا ہوں۔سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ میں اس مشکل وقت میں احتیاطی تدابیر اپنانے کا قائل ہوں لہذا اب بالرز کو گیند پرانے ہونے کا انتظار کرنا ہوگا تاکہ وہ سوئنگ ہو سکے۔وسیم اکرم پسینے کو بطور متبادل استعمال کرنے کے موقف کے زیادہ قائل نہیں اور ان کا کہنا ہے کہ صرف پسینے سے ٹھنڈے ممالک میں گیند سوئنگ ہونا ممکن نہیں جبکہ پسینے کا زیادہ استعمال گیند کو گیلا بھی کر دے گا۔ٹیسٹ میں 414 اور ون ڈے میں 502 وکٹیں لینے والے وسیم اکرم نے کہا کہ مصنوعی مواد کا گیند کو چمکانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے اور آئی سی سی حکام کو تجویز دی کہ وہ کوئی موثر مصنوعی مواد ڈھونڈنے کی کوشش کریں۔

مزید پڑھیں:  اداکارہ جویریہ عباسی نے دوسری کا اشارہ دے دیا