پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان اور مایہ ناز بلے باز محمد رضوان نے انگلش کائونٹی ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں اپنے ڈیبیو پر ہی بائولرز کے چھکے چھڑا دیئے، محمد رضوان جو سسکس کائونٹی کی نمائندگی کر رہے ہیں نے بیٹ کیری کرتے ہوئے 81 رنز کی اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے اور تین شاندار چھکے شامل تھے انہوں نے 60 گیندوں پر کا سامنا کیا، ان کی اس شاندار اننگز کی بدولت سسکس کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 150 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوئی ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا

تاہم جواب میں گیلمورگن کی ٹیم نے ہدف سام نارتھ ایسٹ کے 63 ناقابل شکست اور مارنس لبوشین کے 41 رنز کی بدولت 18.5 اوورز میں حاصل کرکے میچ سات وکٹوں سے جیت لیا، محمد رضوان جو اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میچ کھیل رہے تھے کو یہ اعزاز حاصل ہو گیا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں، اس سے قبل عمر اکمل نے 2015 میں لیسٹر شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ ڈیبیو پر ناقابلِ شکست 76 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔