سردیوں سے پہلے ہی بدترین بحران

گھروں کوگیس قسطوں میں ملے گی،سردیوں سے پہلے ہی بدترین بحران

ویب ڈیسک : گھریلو اور چھوٹے کمرشل صارفین کیلئے گیس کے جاری بحران کے بعد کمرشل سطح ٹرانسپورٹ کیلئے بھی پشاور میں گیس کا بحران شدید ہوگیا ہے شہر میں سی این جی پمپوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں معمول بن گیا ہے جبکہ تجارتی مراکز پر بھی گیس دستیاب نہیں .
جس کی وجہ سے آئندہ دنوں کے دوران ٹرانسپورٹ سروس کیلئے سی این جی کا کوٹہ مقرر کرنے کا امکان ہے اس وقت پشاور میں گھریلو صارفین کیلئے گیس دستیاب نہیں اوراکثر علاقوں میں صرف تین گھنٹے کیلئے گیس کی سپلائی جاری رہتی ہے جبکہ ہوٹلز اور نانبائی کی دکانوں کیلئے بھی گیس کی سپلائی کم کردی گئی ہے تاہم گذشتہ 2روز سے گاڑیوں کیلئے بھی گیس کا سٹاک کم پڑگیا ہے جس کے نتیجے میں اندرون شہر اور جی ٹی روڈ پر سی این جی پمپوں میں گاڑیوں کی قطاریں بن گئی ہیں صبح سے رات گئے تک سینکڑوں کی تعداد میں موٹر کار، رکشا اور ویگن گیس ڈالنے کیلئے مختلف سی این جی پمپ کے سامنے سڑک پر کھڑے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک جام کی شکایات بھی بڑھ گئی ہیں.
محکمہ سوئی گیس کے ذرائع نے بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے گیس کے ترسیلی نظام میں تعطل کی وجہ سے بحران پیدا ہوا ہے تاہم اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ہفتے میں چند دن کیلئے پمپ بند رکھنے کی منصوبہ بندی کی جائے گی ان کے مطابق فی الحال کسی بڑے بحران کا امکان نہیں لیکن سردی کا موسم شروع ہونے کے بعد گیس کی سپلائی متاثر ہونے کا سو فیصد خدشہ رہے گا۔ گھریلوصارفین کیلئے قسطوں میں گیس فراہمی کاایک شیڈول بھی گردش کررہاہے جس کے مطابق صبح پانچ سے 9،دوپہر11سے3بجے اورشام5سے9بجے تک گیس فراہم کی جائیگی۔

مزید پڑھیں:  لوئر دیر، بارشوں سے گندم اور پھلوں کی پیداوار متاثر، حکومت سے اقدمات کا مطالبہ