آرمی چیف کی تعیناتی

آرمی چیف کی تعیناتی فوج کے بھیجے گئے ناموں سے ہوگی، خواجہ آصف

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کیلئے مسلم لیگ ن کا کوئی بھی فیورٹ نہیں ہے، آرمی چیف کی تعیناتی فوج کی جانب سے بھیجے ناموں میں سے ہی ہو گی
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف سے سوال کیا گیا کہ کیا سابق صدر آصف علی زرداری اور شہباز شریف کے درمیان آرمی چیف کے نام پر ڈیڈ لاک ہے ؟
وزیر دفاع نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ابھی آرمی چیف کے نام کے حوالے سے مشاورت ہی نہیں ہوئی اور جب مشاورت ہوئی ہی نہیں تو پھر ڈیڈ لاک کیسے ہوسکتا ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ 18 یا 19 نومبر کے بعد ہی آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت ہوگی، جو نام فوج بھیجے گی انہی پر مشاورت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک فوج نے نئے آرمی چیف کے لئے نام نہیں بھیجا، عمران خان کے حالیہ بیانات پر قانونی کارروائی ہونی چاہیے، عمران خان ذاتی مفاد کے لئے قومی مفاد سے کھیل رہے ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان الزامات لگا کر ہمارے بین الاقوامی تعلقات کو خراب کر رہے ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین کا اپنے ذاتی مفاد کے لئے ملکی سالمیت اور وقار سے کھیلنا جرم ہے۔

مزید پڑھیں:  جمرود، فاٹا انضمام کیخلاف 8 مئی کو باب خیبر کے مقام پر مظاہرے کا اعلان