پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ، بابر اعظم کون سے 5 ریکارڈز بنا سکتے ہیں؟

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 اور ون ڈے میچز کی سیریز کا آج سے باقاعدہ آغاز ہونے جا رہا ہے۔ دونوں ٹیمیں 5 ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔ کپتان بابراعظم کے پاس ان دونوں سیریز میں 5 ایسے ریکارڈز ہیں جو وہ توڑ سکتے ہیں۔ کپتان بابر اعظم اگر اس سیریز میں مزید 3 میچز جیت لیں تو وہ بحیثیت کپتان دنیا کے سب سے زیادہ میچز جیتنے والے کپتان بن جائیں گے۔ بابر اعظم نے اب تک 66 میچز کھیلے ہیں 42 جیتے اور 21 ہارے جبکہ 5 بے نتیجہ رہے۔ اس وقت سب سے زیادہ میچز جیتنے کا ریکارڈ انگلینڈ کے کپتان این مورگن کے پاس ہے جو 72 میچز میں 42 جیت چکے ہیں، 27 ہارے 2 ٹائی ہوئے اور 1 جیب بے نتیجہ رہا۔ بابر اعظم کو انٹرنیشنل کرکٹ میں 12 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کے لئے مزید 136 رنز درکار ہیں۔ بابر اعظم 241 میچز میں 34 مرتبہ ناٹ آؤٹ رہ کر 11 ہزار 864 رنز بنا چکے ہیں۔ جس میں 28 سنچریاں اور 80 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ براعظم ٹی 20 انٹرنیشنل میں 145 رنز مزید بنا کر اس فارمیٹ میں تیز ترین 3500 رنز بنانے والے پہلے پاکستانی اور دنیا بھر کے چوتھے بلے باز بن جائیں گے۔ انہوں نے 99 ٹی 20I میچز میں 2 سنچریوں اور 30 ففٹیز کی مدد سے 3355 رنز بنا چکے ہیں۔ بابر اعظم کو ون ڈے انٹرنیشنل میں تیز ترین 5000 رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ توڑنے کے لئے 187 رنز درکار ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ 101 اننگز میں 5 ہزار رنز کے سنگ میل تک پہنچے ہیں جبکہ بابر اعظم 93 اننگز میں 4 ہزار 813 رنز بنا چکے ہیں۔ ون ڈے میں بابر اعظم کی 17 سنچریاں اور 24 نصف سنچریاں ہیں۔ اسی طرح اگر بابر اعظم ون ڈے سیریز میں ایک سنچری بھی بنالیں تو وہ تیز ترین 18 سنچریاں بنانے والے بلے باز بن جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے گرین شرٹس کا انتخاب کل کیا جائیگا