حارث رؤف کا نیوزی لینڈ کیخلاف دوسری مرتبہ شاندار بولنگ کا مظاہرہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے دوسری مرتبہ نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔ حارث رؤف نے ٹی 20 انٹرنیشنل کیریئر میں دو مرتبہ 4 وکٹیں حاصل کی ہیں اور دونوں مرتبہ یہ کارنامہ نیوزی لینڈ ک خلاف سرانجام دیا۔ گزشتہ روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے 18 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو کریز سے واپس پویلین روانہ کیا۔ یہ ان کے ٹی 20 انٹرنیشنل کیریئر کا بہترین بولنگ فیگر ہے۔ حارث رؤف نے نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم سمیت جیمس نیشم، رچن رویندرا اور بین لیسٹر کو ٹھکانے لگایا۔ اس سے پہلے حارث 26 اکتوبر 2021 کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سلسلے میں شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں بھی نیوزی لینڈ کے 4 بلے باز آؤٹ کر چکے ہیں۔ حارث رؤف نے 22 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں تھی۔ اس وقت انہوں نے مارٹن گپٹل، ڈیون کانوے، گلین فلپس اور مچل سینٹنر کو آؤٹ کیا تھا۔

مزید پڑھیں:  ٹی 20ورلڈ کپ کی ٹرافی ایبٹ آباد پہنچ گئی