وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان کا بال بال قرض میں جکڑا ہوا ہے، آمدن کا 60 فیصد سود کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے۔
ویب ڈیسک: قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ملک کی 80 فیصد آبادی 2 وقت کا کھانا نہیں کھاسکتی۔ یہاں امیر کے لیے کوئی قانون نہیں اور عام آدمی کو جیل میں ڈال دیاجا تا ہے ۔ امیر کےلیے قانون میں ترامیم کردی جاتی ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کمپنیاں 500 ارب کا ٹیکس چوری کر رہی ہیں۔ جب تک کڑوی گولی کھا کر ان مسائل کا علاج نہیں کریں گے، یہ ٹھیک نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ایسے ایسے لوگ ہیں جن کا ٹی وی چینلز پر نام نہیں لے سکتے۔ ڈاکو اس ملک میں قوم کو تعلیم دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ میں 500 ارب روپے کی ٹیکس چوری، چائے درآمد کرنے میں 45 ارب کی ٹیکس چوری ہوتی ہے۔ جس ملک میں ہزاروں ارب روپے کی چوری ہو، وہاں بجٹ کیسا پیش ہوگا؟۔ہمیں اس ٹیکس چوری کا مستقل حل تلاش کرنا ہو گا۔ نئے مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی۔ اسحاق ڈار نے بجٹ میں ناممکن کو ممکن بنانے کی کوشش کی ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ کون سا ادارہ ہے جس کو زنک یا دیمک نہیں لگی؟ ہمارے بجٹ کی کل آمدن سے زیادہ تو ہم پر سود ہے آمدن کا 60 فیصد سود کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے۔ ہماری 2 وزارتیں ایک ہزار ارب روپے خسارہ کررہی ہیں ۔190 ملین روپے کی چوری میں ایک رئیل اسٹیٹ مالک کا نام ٹی وی پر نہیں لیا جاسکتا ۔ تمباکو کی 2 بڑی کمپنیاں 240ارب روپے ٹیکس چوری کررہی ہیں ۔ تمباکو والی ان 2 کمپنیوں کے نمائندے اس پارلیمنٹ میں موجود ہیں ۔ موبل آئل میں 65ارب روپے کی چوری ہے ۔ جی ایس ٹی وغیرہ 2880ارب روپے کی چوری ہے ۔ یارن میں 250 ارب روپے کی چوری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر ایک بہت بڑا سکینڈل پیدا ہورہا ہے ۔ غربت ختم کرنے کے نام پر آنے والے وہ لوگ ہیں جو خود پہلے خود اربوں روپے بناتے ہیں ۔ یونیورسٹیوں کا طبقہ ہے جن کے وائس چانسلرز کرپشن کر کے ارب پتی بن گئے ہیں ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ عدلیہ اس سارے جرم کے نظام میں ملوث ہے ۔ عدلیہ میں ٹیکس کے 1300ارب روپے کے مقدمات پر حکم امتناعی پڑے ہیں ۔ یہاں عام آدمی کو جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے ۔ عام آدمی 2 ہزار روپے جرمانہ ادا نہ کرنے پر برسوں جیل پڑا رہتا ہے ۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ایک چیف جسٹس کی جتنی تنخواہ ہے، اس کا چوتھائی ہی ہمیں لینے دیا جائے ۔ یہ عدلیہ تین تین وزرائے اعظم کھا گئی ڈکار بھی نہیں ماری۔ آج بھی ہمارے سر پر بادل منڈلا رہے ہیں کہ آئی ایم ایف قرض دے گا بھی یا نہیں ۔ عدلیہ، بیوروکریسی اور ایلیٹ نے اس ملک کا معاشی نظام منجمد کردیا ہے ۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ اربوں روپے لے کر لندن چلے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ یہاں ایک طبقے کوتو تنخواہ کا 90 فی صد پنشن ملتی ہے۔ ریٹارمنٹ کے بعد چار چار ملازمین ملتے ہیں ۔ عدلیہ ہے تو اس نے ملک کو مفلوج کردیا ہے ۔ جب نظام ایسا ہوتا ہے تو پھر سال 2018ء میں ایک شخص لایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں 9 مئی ہوتا ہے ۔ کبھی 75 سالہ تاریخ میں ریاست کو چیلنج نہیں کیا گیا مگر ایک شخص کا اقتدار کیا چھن گیا، اس نے ریاست کو یرغمال بنالیا ۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ہماری آمدن کا 60 فیصد سود کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے اور سفید ہاتھی ادارے خون نچوڑ رہے ہیں ۔ یہاں ادارے نجی کرنے کا سوچیں تو ڈر لگتا ہے کہ نیب نہ پکڑ لے ۔ اس وقت 4 ہزار ارب روپے بجلی کا سرکلر ڈیٹ ہے ۔ بجلی چوری بڑے بڑے شہروں میں ہورہی ہے ۔ ایک ایک گھر میں بجلی کے نچلے سلیب کا فائدہ اٹھانے کے لیے تین تین میٹرز لگے ہیں ۔ یہاں 2 کروڑ روپے کا دلہن کو جوڑا دیا جاتا ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ یہاں اربوں کی بجلی چوری ہورہی ہے، ہمارا نظام کچھ بھی نہیں کرسکتا ۔ یہاں ہر چیز پر ایلیٹ نے قبضہ کررکھا ہے۔ ان ٹیکس چوروں کو فائدہ دینے کے لیے یہاں سے ڈیڑھ سال لچک دینے کا قانون بنایا گیا۔
Load/Hide Comments