ایچ ایم سی بجلی بحران

ایچ ایم سی میں ایک ہفتہ سے جاری بجلی کا بحران شدید

ویب ڈیسک: حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ایچ ایم سی پشاورمیں بجلی کا بحران شدید ہوگیا ہے جس کی وجہ سے وارڈز میں داخل مریضوں اور تشویشناک حالت کے مریضوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ایک ہفتہ قبل ایچ ایم سی کی ایکسپریس لائن خراب ہوگئی تھی جس کے بعد ہسپتال کی بجلی لوکل لائن پر منتقل کی گئی تھی۔
لوکل لائن پر شدید لوڈشیڈنگ اورکم وولٹیج کے سبب ہسپتال کا نظام شدید دبائو کا شکار ہے جس کی وجہ سے ایکسرے، لیب اور دوسری مشینری سمیت سنٹرل کولنگ سسٹم بھی کم وولٹیج اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے باقاعدگی کیساتھ کام کرنے کے قابل نہیںجس کی وجہ سے ہسپتال کے روزمرہ کے نظام پر شدید دبائو ہے جبکہ اس دبائو کے نتیجے میں ہسپتال کے دونوں بڑے جرنیٹرز نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا ہے اور مریضوں کے رشتہ دار روزانہ درجنوں احتجاج ریکارڈ کراتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اگر اس معاملے پر فوری ایکشن نہ لیا گیا تومریضوں کی حالت بگڑنے اور تشویشناک حالت کے مریضوں کی اموات کا بھی خدشہ ہے۔
لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کی وجہ سے پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسز ہاسٹل کے رہائشیوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ نے موقف دیاکہ ہسپتال میں ایکسپریس لائن کی بحالی کیلئے متعدد مرتبہ پیسکو حکام سے رابطہ کیا گیاہے لیکن تاحال ان کی جانب سے کوئی عملی قدم سامنے نہیں آیا ہے۔

مزید پڑھیں:  چیئرمین پی اے سی نامزدگی،شیر افضل کا معاملہ عمران خان کے سامنے رکھنے کا اعلان