غیر منصفانہ برطرفی، پاکستانی نژاد برطانوی صحافی عدالت جا پہنچی

اٹلانٹا: پاکستانی نژاد برطانوی صحافی صائمہ محسن پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران شدید زخمی ہونے کے بعد غیر منصفانہ برطرفی اور امتیازی سلوک کا نشانہ بنائے جانے پر مؤقر امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے خلاف مقدمہ دائر کر رہی ہیں۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ میں سی این این کے لیے اسائنمنٹ کرنے کے دوران زخمی ہو گئی اور انہوں نے مجھے نکال دیا۔
صائمہ محسن کے مطابق پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران اس بھروسے پر اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں کہ ہمارا خیال رکھا جائے گا۔ پاکستانی نژاد برطانوی صحافی کے مطابق وہ چینل پرغیرمنصفانہ برطرفی، معذوری اور نسلی امتیاز کا مقدمہ دائر کر رہی ہیں۔
انہوں نے برطانوی خبر رساں ادارے دی گارجین کا ایک مضمون بھی شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس سے اسرائیل/ فلسطین تنازعہ پر رپورٹنگ کرتے ہوئے ایک حادثے کا شکار ہو کر معذور ہو گئی تھیں۔
اس حوالے سے مضمون میں لکھا ہے کہ خاتون صحافی کا کیمرہ مین گاڑی ان کے پاؤں کے اوپر سے چلا کر بھاگ گیا تھا جس سے ان کے ٹشوز شدید متاثر ہوئے جس کی وجہ سے انہیں بیٹھنے، کھڑے ہونے اور چلنے پھرنے یا کل وقتی کام پر واپس آنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مضمون میں صائمہ محسن نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے اپنے ادارے سے متبادل ڈیوٹی دینے اور بحالی کے لیے تعاون کی درخواست کی مگر سی این این نے انکار کر دیا۔

مزید پڑھیں:  غزہ جنگ بندی تک ترکیہ کے اسرائیل سے تمام تجارتی تعلقات منقطع