پاکستان اور بھارت کا میچ ری شیڈول

آئی سی سی ورلڈ کپ، پاکستان اور بھارت کا میچ ری شیڈول

ویب ڈیسک: آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے شیڈول میں ردوبدل، پاکستان اور بھارت کا میچ ری شیڈول کر دیا گیا، شیڈول میں مزید تبدیلوں کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں، ذرائع کے مطابق ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاک بھارت کے متوقع ٹاکرا کو 14 اکتوبر کو ری شیڈول کردیا گیا ہے، ورلڈ کپ کے شیڈول میں مزید تبدیلوں کے امکانات ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ نے کہا تھا کہ ون ڈے ورلڈ کپ کے شیڈول میں تبدیلی کا امکان ہے کیونکہ تین بورڈز کی جانب سے آئی سی سی سے کیلنڈر ایڈجسٹمنٹ کی درخواست کی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف میچوں کی تاریخوں اور اوقات میں تبدیلی کی جائے گی تاکہ وقفے کو 4 سے 5 دن تک کم کیا جا سکے۔ جے شاہ نے کہا کہ تین اراکین نے شیڈول میں تبدیلی کے لیے آئی سی سی کو خط لکھا ہے۔ صرف تاریخ اور اوقات تبدیل کیے جائیں گے، مقامات کو تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ تبدیلیاں آئی سی سی کی مشاورت سے ہوں گی، چند روز میں سب سامنے آجائے گا۔
خیال رہے کہ ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ ری شیڈول کرنے کا فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب احمد آباد میں مقامی پولیس نے نوراتری کے آغاز کے دن 15 اکتوبر کو مناسب سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا تھا۔
شیڈول میں ممکنہ تبدیلی کے اعلان نے شائقین میں تشویش پیدا کردی جنہوں نے پہلے سے ہی انتظامات کر رکھے تھے، بشمول احمد آباد میں پروازوں اور ہوٹلوں کی بکنگ بھی ہوگئی تھی، پاکستان اور بھارت کے مابین میچ پر دنیا بھر کی نظریں ہوتی ہیں جس کا سب کو بے صبری سے انتظار ہے۔

مزید پڑھیں:  آئِی سی سی چمپئنز ٹرافی، بھارت کے میچز پاکستان میں شیڈول