اتحادی الیکشن سے بھاگ رہےہیں

اتحادی الیکشن سے بھاگ رہےہیں، ہم لاشیں اٹھا کر لڑنے کے عادی ہیں، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہمارے اتحادی الیکشن سے بھاگ رہےہیں، ہم بتا دینا چاہتے ہم کندھے پر لاشیں اٹھا کر لڑنے کے عادی ہیں۔
ویب ڈیسک: حیدرآباد میں بلاول بھٹو زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے کبھی مجھے مایوس نہیں کیا، نالائق کو نکالنے میں ہم حیدرآباد کی عوام کی مدد سے کامیاب ہوئے، وہ جیالوں کی محنت کی وجہ سے وزیر اعظم نہیں رہا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ لوگ پانی کے لیے ترس رہے ہیں لیکن اسلام آباد کے حکمران بڑی بڑی باتیں کررہے ہیں، دریائے سندھ ہونے کے باوجود یہاں کی عوام پانی کو ترس رہے ہیں، جو اس شہر کو لندن سے چلاتے تھے ان سے پوچھیں کہ انہوں نے اس شہر کو ایک قطرہ بھی پانی نہیں دیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم کندھے پر لاشیں اٹھاکر الیکشن لڑنے کے عادی ہیں، ہم الیکشن سے نہیں بھاگیں گے، مگر اگر ہمارے چند اتحادی الیکشن سے بھاگ رہےہیں تو انہیں بھاگنے دیں ، کیونکہ جب آپ الیکشن نہیں لڑتے تو آپ کی سیٹ کوئی اور لیجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ایم کیو ایم کو بلدیاتی الیکشن لڑنے کا کہا لیکن وہ نہیں مانے، میں ان سے بھیک مانگتا رہا کہ اپنی جگہ پی ٹی آئی کو نہ دو، صرف پاؤں پکڑنے کی کسر رہ گئی تھی، مگر وہ ڈر کر پیچھے ہٹ گئے، آج بھی 18 ماہ سے اپنے تمام اتحادی ساتھیوں سے بار بار کہہ رہا ہوں کہ ڈرو گے تو مرو گے، مگر افسوس کی بات ہے کہ ہمارے سیاسی اتحادی ڈر چکے ہیں اور خوف زدہ ہیں، وہ شاید عام انتخابات سے بھی بھاگنا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  غزہ جنگ بندی تک ترکیہ کے اسرائیل سے تمام تجارتی تعلقات منقطع