لیول پلیئنگ فیلڈ

ملک میں اس وقت ہر کسی کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ ملک میں اس وقت ہر کسی کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں اور یہ ہی میرا اعتراض ہے۔
ویب ڈیسک: دورہ شکارپور کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگردی پھر سے سر اٹھا رہی ہے، ہمارے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہوا، صرف پیپلز پارٹی کہتی تھی کہ دہشتگردوں سے مقابلہ کرنا پڑے گا ورنہ یہ ختم نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ہماری اتنے سالوں کی محنت کو چند دنوں میں خراب کر دیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے جیلوں سے فرار دہشتگردوں کو یہاں آباد کرنے کا پروگرام بنایا، احتساب کیا جائے کہ یہ کیسے ہوا، ریاست کے دشمنوں کو ایک بار پھرملک پر مسلط کیا گیا۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلام آباد میں جو فیصلے ہوتے ہیں ان کو عوام کو بھگتنا پڑتا ہے، آئین کہتا ہے جہاں بجلی کے وسائل موجود ہیں پہلے وہاں کے عوام کا اس پر حق ہے، ہمیں کہا جاتا ہے آپ مہنگی ایل این جی خریدیں، ہمیں ناانصافی کو ایڈریس کرنا ہے۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ہی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرتا ہے، ہم الیکشن کمیشن سے ہی درخواست کرتے ہیں کہ تاریخ کا اعلان کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہر کسی کا مسئلہ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی ہے، ملک میں ہر کسی کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ہے یہی میرا اعتراض ہے۔

مزید پڑھیں:  چترال کے پہاڑوں میں پھنسا سوئس سیاح ریسکیو کر لیا گیا