ایران سعودی تعلقات بارے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، شہزادہ محمد بن سلمان

ویب ڈیسک: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ اگر ایران نے نیوکلیئر ہتھیاروں کے حصول میں پہل کی تو سعودی عرب بھی طاقت کے توازن اور سکیورٹی کو برقرار رکھنے کیلئے ہتھیار حاصل کرے گا۔ امریکی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ چین کی ثالثی میں ہونیوالے معاہدے کے بعد سے ایران کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے معاملے پر سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو کسی بھی ملک کے جوہری ہتھیار حاصل کرنے یا استعمال کرنے پر تشویش ہے، دنیا ایک نئے ہیروشیما کو برداشت نہیں کر سکتی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ اگر آپ ایٹمی ہتھیار استعمال کرتے ہیں تو آپ کو باقی دنیا کے ساتھ بھی لڑائی لڑنا پڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم امریکی ہتھیاروں کے پانچ بڑے خریداروں میں سے ایک ہیں اور امریکا کے علاوہ دیگر ممالک سے ہتھیار خریدنے کا ہمارا اقدام ان کے مفاد میں نہیں ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے زور دیا کہ ہمارا ملک اکیسویں صدی کی سب سے بڑی کامیابی کی کہانی ہے اور یہ اس صدی کی کہانی ہے، ان کا ملک اس وقت تمام شعبوں میں سب سے تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی حمایت پر ایران میں امریکی و برطانوی افراد سمیت کئی کمپنیوں پر پابندی