سکھ رہنماء قتل، امریکہ نے کینیڈا کے موقف کی حمایت کر دی

ویب ڈیسک: امریکہ نے کینیڈا میں سکھ رہنماء ہردیپ سنگھ کے قتل پر کینیڈا کے موقف کی حمایت کر دی ہے۔ امریکہ نے سکھ رہنماء کے قتل پر بھارت کو کینیڈا سے تعاون کرنے کا کہہ دیا ہے۔ امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے الزامات انتہائی سنجیدہ نوعیت کے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ان تمام اقدامات کی حمایت کرے گا جس سے اس واقعے کی سچائی تک پہنچا جاسکے۔ خیال رہے کہ آزاد خالصتان کے رہنماء ہردیپ سنگھ کو 18 جون 2023 کو کینیڈا میں گوردوارے کے باہر قتل کردیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق کینیڈا نے ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ کینیڈین انٹیلی جنس نے ہردیپ کی موت اور بھارتی حکومت کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی ہے، کینیڈین سرزمین پر شہری کے قتل میں غیرملکی حکومت کا ملوث ہونا ہماری خود مختاری کے خلاف ہے۔ اس حوالے سے بھارت اور کینیڈین حکومت کے تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کا مرکزی سیکرٹریٹ بند، ملازمین فارغ