ایشیائی ترقیاتی بینک

افغانستان کے لیے 400 ملین ڈالر کی امداد کی منظوری

ویب ڈیسک: ایشیائی ترقیاتی بینک نے افغانستان کے لیے 400 ملین ڈالر کی امداد کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے مطابق امداد کے مستحق افغانوں اور افغانستان میں انسانی بحران کے اثرات کم کرنے کے لیے 400 ملین امریکی ڈالر کی منظوری دی گئی ہے۔
فلپائن کے دارالحکومت مالینا میں بینک کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بینک کی جانب سے افغانوں کو دی جانے والی مالی امداد اقوام متحدہ کے اداروں کے ذریعے غذائی تحفظ کی ضروریات کو پورا کرنے اور افغانوں کے لیے صحت کی دیکھ بھال کی خدمات پر خرچ کی جائَے گی، اس کے علاوہ یہ امداد اقوام متحدہ کے ادارے جنہیں بجٹ کی کمی کا سامنا ہے اپنے پروگرام انجام دینے میں استعمال کر سکیں گے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے ذرائع کے مطابق افغانستان کو موسمیاتی تبدیلیوں، شدید خشک سالی، سیلاب اور زلزلوں کی وجہ سے سنگین انسانی بحران کا سامنا ہے۔ ماہرین کے اندازوں کے مطابق ملک کی 80 فیصد آبادی بھوک کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلان کے مطابق اس رقم میں سے 100 ملین ڈالر افغانستان میں 1اعشاریہ 32 ملین افراد کو خوراک فراہم کرنے کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام کو دیئے گئے۔
اس کے علاوہ اس رقم میں سے 100 ملین ڈالر اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن ایف اے او کو جائیں گے اور مزید 200 ملین ڈالر اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ یونیسیف کو جائیں گے تاکہ دس صوبوں میں 7 اعشاریہ 5 ملین لوگوں کو صحت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے یہ امداد اقوام متحدہ کے اداروں کو دینے کا اعلان کیا ہے جب کہ افغانستان میں اقوام متحدہ کے اداروں نے عالمی برادری کی امداد میں کمی کے باعث آئندہ ماہ ملک چھوڑنے کا انتباہ دیا تھا۔

مزید پڑھیں:  پشاور، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کا مرکزی سیکرٹریٹ بند، ملازمین فارغ