پولیس اہلکاروں کی عملی واپسی کب ہو گی؟

صوبائی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں 350سے زائد شخصیات سے پولیس اہلکاروں کی خدمات واپس لینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید افراد کی فہرستیں مرتب کر کے اس فہرست میں شامل دیگر شخصیات اور افراد سے بھی پولیس سکیورٹی واپس لے لی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس وقت صوبے میں غیر متعلقہ افراد کے پاس درجنوں پولیس اہلکار موجود ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ غیر متعلقہ افراد سے پولیس اہلکاروں کی واپسی کے عمل کا فیصلہ یا دعویٰ سامنے آیا ہے سال میں ایک دو مرتبہ اس طرح کے سعی کاعندیہ دیا جاتا ہے اور ابتدائی دنوں میں تھوڑی بہت ہلچل بھی نظر آتی ہے اس کے بعد شاید آہستہ آہستہ پولیس حکام غیر متعلقہ افراد کی فرمائش پوری کرنا شروع کردیتے ہیں جہاں ناگزیر ہو اس کے مخالفت نہیں کی جا سکتی لیکن عموماً دیکھا یہ گیا ہے کہ پولیس وردی میں گن مین پھرانا ضرورت کم اور فیشن زیادہ بنا دیاگیا ہے مستزاد پولیس حکام بلاوجہ سرکاری اہلکاروں کی خدمات اس طرح کے عناصر کو فراہم کرکے پہلے سے افرادی قوت کی کمی اور امن و امان کے درپیش چیلنج سے نمٹنے میں خود ہی اپنے ادارے کی کارکردگی میں کمی اورتناقص لانے کا سبب بن رہے ہوتے ہیں ۔ صوبائی کابینہ کے فیصلے کے بعد توقع کی جانی چاہئے کہ پولیس کے تمام اہلکاروں کو واپس بلا لیا جائے گا اور ان کو خواص کی حفاظت پر مامور رکھنے کی بجائے عوام کے تحفظ کی خدمات لی جائیں گی۔

مزید پڑھیں:  سمت درست کرنے کا وقت